پیٹرولیم لیوی کی رقم بلوچستان کی ترقی پر خرچ کرنے پر شکر گذار ہیں، سرفراز بگٹی

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعلٰی سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہے کہ این پچیس شاہراہ کی تعمیر اور کچھی کینال کی تکمیل ہوگی۔ پیٹرولیم لیوی کی رقم بلوچستان کی ترقی پر خرچ کرنے پر شکر گذار ہیں۔ جام کمال نے کہا پاکستان اور بلوچستان کی ترقی دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی۔ خالد مگسی نے کہا مسائل کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کو ہمیشہ ترجیح دی ہے، اور اب پیٹرولیم سے ہونے والی بچت بھی بلوچستان کی ترقی پر خرچ کی جائے گی۔

سرفراز بگٹی نے آر سی ڈی شاہراہ اور موٹروے N-25 کے منصوبوں کو بلوچستان کے لیے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے عوام کو براہ راست فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کچھی کینال بلوچستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، جو اب مکمل ہونے کے قریب ہے، اور اس سے صوبے میں زرعی انقلاب آئے گا۔

وزیرعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی کے تحت بلوچستان میں روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں، اور ہر مسئلے کا حل صرف پارلیمنٹ اور سیاست کے اندر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں استحکام آئے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔ بلوچستان اور پاکستان کے کئی دشمن ہیں جو ترقی ہضم نہیں کر پا رہے۔

وفاقی وزیر اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب بھی بلوچستان کی ترقی پر توجہ دی، اور اب بھی وہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر صوبے کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے بلوچستان کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اہم سنگ میل ہیں، جن کا مقصد ملک میں یکساں ترقی کو یقینی بنانا ہے۔

وفاقی وزیر خالد مگسی نے کچھی کینال منصوبے کو بلوچستان کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے چھ سے سات لاکھ ایکڑ زمین کو پانی دستیاب ہوگا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کو ایک وژنری رہنما قرار دیا اور بتایا کہ صوبے میں شمسی توانائی کے منصوبے بھی جاری ہیں۔

خالد مگسی نے کہا کہ مسائل کا حل صرف مذاکرات سے ممکن ہے، ریاست آئین کے تحت چلتی ہے اور اہم قومی معاملات پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جلد امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔

Similar Posts