ٹی 20 ورلڈکپ: آئرلینڈ نے ایونٹ کا سب سے بڑا اسکور بنا ڈالا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بائیسویں میچ میں آئرلینڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کے خلاف ایونٹ کا سب سے بڑا مجموعی اسکور بنا ڈالا۔

کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے اس میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدا میں یہ فیصلہ درست دکھائی دیا کیونکہ آئرلینڈ کی چوتھی وکٹ صرف 7.3 اوورز میں 64 رنز پر گر گئی تھی۔

اسی دوران ونایک شکلا کے پاس ایک سنہری موقع آیا جب انہوں نے 14 رنز پر موجود لوکران ٹکر کا اسٹمپ مس کردیا، جو بعد میں عمان کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔

ابتدائی مشکلات کے بعد لوکران ٹکر نے گیراتھ ڈیلانی کے ساتھ مل کر جارحانہ بیٹنگ شروع کی اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 101 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا دیا۔

ڈیلانی 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم ٹکر نے اپنی برق رفتار اننگز جاری رکھی۔

بعد ازاں انہوں نے جارج ڈاکریل کے ساتھ مل کر مزید 70 رنز جوڑ دیے۔

لوکران ٹکر نے صرف 51 گیندوں پر 94 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ جارج ڈاکریل نے محض 9 گیندوں پر 34 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو مزید بلند کردیا۔

آئرلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز اسکور کیے، جو رواں ایونٹ کا سب سے بڑا جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا مجموعی اسکور ہے۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں پانچواں موقع ہے جب کسی ٹیم نے 200 سے زائد رنز بنائے ہیں۔ اس سے قبل 2007 کے افتتاحی ایڈیشن میں پانچ مرتبہ 200 سے زیادہ کا مجموعہ بنا تھا۔

عمان کو میچ جیتنے کے لیے 236 رنز کا مشکل ہدف ملا ہے، اور شائقین کرکٹ کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا عمانی ٹیم اس بڑے ہدف کا تعاقب کر پائے گی یا نہیں۔

Similar Posts