شدید دھند کے باعث موٹرویز کے مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند

شدید دھند کے باعث موٹروے کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق بندش کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

ترجمان کے مطابق موٹروے ایم 2 کو لاہور سے ہرن مینار تک دھند کی شدت کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح موٹر وے ایم 11 لاہور تا سیالکوٹ بھی شدید دھند کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔

مزید برآں موٹر وے ایم 3 کو فیض پور سے جڑانوالہ تک دھند کے باعث بند رکھا گیا ہے۔

ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کا کہنا ہے کہ دھند ڈرائیونگ کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

انہوں نے اپیل کی کہ دھند کے موسم میں دن کے وقت سفر کو ترجیح دی جائے۔

 

سید عمران احمد کے مطابق محفوظ اور بہترین سفری وقت صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں سے ہدایت کی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنی و دیگر افراد کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

Similar Posts