متحدہ عرب امارات کی سیکیورٹی پاکستان کی اپنی سلامتی کا لازمی حصہ ہے، فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج ابوظہبی میں ابوظہبی کے نائب حکمران اور متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا، خصوصاً اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور سیکیورٹی کے شعبوں پر توجہ دی گئی۔ اس موقع پر علاقائی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے مسلسل رابطہ اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی معیشت اور سیکیورٹی کیلئے متحدہ عرب امارات کی جانب سے گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری سرمایہ کاری اور مسلسل تعاون پر حکومت امارات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، انہوں نے پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کے فروغ میں اماراتی قیادت کے تعمیری کردار کو سراہا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سیکیورٹی اور استحکام پاکستان کی اپنی سیکیورٹی کا لازمی حصہ ہے، دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تاریخی تعلقات اور مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری موجود ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اس شراکت داری کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھے گا تاکہ دونوں برادر عوام کے مفادات کا تحفظ ہو اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ ملے۔

Similar Posts