گھریلو جھگڑے پر2 کم سن بیٹیوں کو تیز دھار آلے سے قتل کرنے کے ملزم والد کو سنائی گئی سزا کالعدم قرار

راولپنڈی میں گھریلو جھگڑے پر دو کم سن بیٹیوں کو تیز دھار آلے سے قتل کرنے کے مقدمے میں ہائی کورٹ نے ملزم والد کو سنائی گئی دو بار سزائے موت کالعدم قرار دے دی۔

عدالت نے ملزم والد عثمان انور کو تمام سزائیں کالعدم قرار دے کر بری کر دیا، اہلیہ عائشہ کو شدید زخمی کرنے پر سنائی گئی 10 سال قید اور مجموعی 30 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا بھی کالعدم قرار دے دی گئی۔

ملزم والد پر 13 سالہ آنوش اور 5 سالہ لاریب بیٹیوں کو گردن کاٹ کر قتل کرنے کا الزام تھا، ٹنچ بھاٹہ کے رہائشی ملزم کے خلاف تھانہ آر اے بازار میں جولائی 2024 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

کیس کی سماعت جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کی، ہائی کورٹ نے ٹیکنیکل گراؤنڈز پر ملزم والد کو بیٹیوں کے قتل کے الزام سے بری کر دیا۔

ملزم کی سزا پر سی پی او کی جانب سے دو افسران کو سرٹیفیکیٹ اور انعامات بھی دیے گئے تھے۔

Similar Posts