کراچی، موبائل مارکیٹ میں فائرنگ سے دکاندار زخمی، ملزم گرفتار

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر 5 موبائل مارکیٹ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک شہری زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے جو مقامی موبائل مارکیٹ میں دکاندار ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مبینہ طور پر لین دین کے تنازعے پر پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزمان اور دکاندار کے درمیان مالی معاملات پر تلخ کلامی ہوئی جو بعد ازاں فائرنگ تک جا پہنچی۔

عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے بعد موقع پر موجود افراد نے ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور مرکزی ملزم کو اپنی تحویل میں لے لیا، جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دو ملزمان میں سے ایک کو بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تیسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔

مزید یہ کہ گرفتار مرکزی ملزم خیبر پختونخوا پولیس کا اہلکار بتایا جاتا ہے، جس کی تصدیق اور پس منظر کی چھان بین کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی گئی تاہم پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد مکمل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

Similar Posts