حکومت پنجاب نے سرکاری ملازمین کے احتجاج پر حکومتی کمیٹی تشکیل دی ہے اور نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق اعلیٰ سطح کی حکومتی کمیٹی سراپا احتجاج ملازمین کے مطالبات پر مذاکرات کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سیکریٹری ریگولیشن کی سربراہی میں 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو ملازمین کے مطالبات کا تفصیلی جائزہ لے کر 30 روز کے اندر اندر حتمی سفارشات اور فیصلہ پیش کرے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ مذکورہ کمیٹی ملازمین کے نمائندوں سے مشاورت کرے گی تاکہ قابل عمل اور متفقہ حل نکالا جا سکے اور محکمہ آئی اینڈ سی نے متعلقہ محکموں کو مشاورتی کمیٹی کا نوٹیفکیشن ارسال کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب کے سرکاری ملازمین کا پنشن رولز میں ترمیم، لیو انکیشمینٹ اور رول 17 اے کے خاتمے کے خلاف 10 روز سے پنجاب سول سیکریٹریٹ میں دھرنا جاری ہے۔
سرکاری ملازمین کا پنشن رولز میں ترمیم کا نوٹیفکیشن، لیو انکیشمنٹ اور سرکاری ملازمین کا رول 17 اے کے خاتمے کا نوٹیفکیشن بھی واپس لینے کا مطالبہ ہے۔
دھرنے میں موجود سرکاری ملازمین نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے تب تک احتجاج جاری رہے گا۔