کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ نے وکیل رانا مدثر عمر کے ذریعے بھیجے گئے خط میں رمضان میں احتجاجی سرگرمیاں مؤخر کرنے کی درخواست کی۔
انہوں نے لکھا کہ بانی چئرمین پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست بند کی جائے اور ذاتی معالجین کے تعاون سے علاج کیا جائے اور پارٹی بانی چئیرمین کے لیے عدالتوں میں کارروائی مزید منظم کرے، عہدیداران، وکلا اور بہنوں کی ملاقاتیں یقینی بنائی جائیں۔
اسیر رہنماؤں نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کو پارلیمانی حکمت عملی اختیار کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ کور کمیٹی، سیاسی کمیٹی بحث مباحاثہ کرے اور اتفاق رائے سے فیصلہ کرے، فیصلے تحریری ریکارڈ میں محفوظ کیے جائیں اور پارٹی پالیسی میڈیا اور عوام تک پہنچائی جائے۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ فعال کارکنان کی تربیت اور منظم تنظیم سازی کی جائے اور بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کی جائے، ملکی مسائل اجاگر کیے جائیں، غریبی، مہنگائی، بے روزگاری اور دہشت گردی کو ہر سطح پر اجاگر کریں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے عمران خان کے حوالے سے بیان کی شدید مذمت کی اور کہا کہ عمران خان مشکل حالات مین باوقار جیل کاٹ رہے ہیں۔