اداکارہ صبا قمر نے بتایا کہ یہ واقعہ ڈرامہ سیریل معمہ کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا تھا جب ان کے میک اپ آرٹسٹ وضو کے لیے گئے اور اچانک کسی نامعلوم طاقت نے انھیں عقب سے تھپڑ مارا۔
اداکارہ کے بقول حیران کن بات یہ تھی کہ اُس وقت وہاں کوئی موجود نہیں تھا اور نہ ہی میک اپ آرٹسٹ کو کچھ دکھائی دیا۔
صبا قمر نے کہا کہ اس واقعے کے بعد سیٹ پر خوف کی فضا قائم ہو گئی اور کئی افراد نے اسے ماورائی معاملہ قرار دیا۔
اداکارہ نے کہا کہ ممکن ہے شوٹنگ کے دوران کسی ایسی جگہ مداخلت ہو گئی ہو جو انسانوں کے لیے موزوں نہ تھی۔
صبا قمر نے واضح کیا کہ وہ غیر مروئی مخلوقات کے وجود کو یکسر رد نہیں کرتیں تاہم خوف کے باوجود شوٹنگ مکمل کی کیونکہ ڈرامے کا بڑا حصہ ریکارڈ ہو چکا تھا۔
ان کے بقول زندگی کے تجربات نے انہیں اس حد تک مضبوط بنا دیا ہے کہ اب ایسی باتیں انہیں کام سے روک نہیں سکتیں۔
صبا قمر کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے، جہاں کچھ افراد اسے محض اتفاق قرار دے رہے ہیں جبکہ کئی صارفین اسے دلچسپ اور حیران کن واقعہ کہہ رہے ہیں۔