مصطفیٰ عامر قتل کیس؛ ملزم ارمغان کے خلاف سائبر کرائم سرکل میں مقدمہ درج

0 minutes, 0 seconds Read

مصطفیٰ عامر قتل کیس، ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں ملزم ارمغان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ ڈیفنس میں غیر قانونی کال سینٹر چلانے پر درج کیا گیا ہے کال سینٹر 2018 سے چلایا جا رہا تھا۔

مصطفیٰ عامر قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے ملزم ارمغان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمہ کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں 2018 سے چلنے والے غیر قانونی کال سینٹر کے حوالے سے درج کیا گیا ہے، جس میں شہریوں کی بینکنگ معلومات چوری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم ارمغان ایک بین الاقوامی تنظیم کا نمائندہ ظاہر ہو کر صارفین سے حساس معلومات حاصل کرتا تھا۔ اس غیر قانونی کال سینٹر کے ذریعے صارفین کی بینکنگ اور کریڈٹ کارڈز کی تفصیلات چرائی جاتیں، جو بعد ازاں ارمغان کے فراہم کردہ آن لائن اکاؤنٹس بشمول کرپٹو کرنسی والٹس میں منتقل کی جاتیں۔

حکام کے مطابق چوری شدہ رقم ملزم کے دو مقامی ملازمین، عبدالرحیم اور رحیم بخش کے لوکل بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جاتی رہی۔ ایف آئی اے کو اے وی سی سی کی جانب سے فراہم کردہ 63 لیپ ٹاپس کے فرانزک تجزیے کے دوران ارمغان کی غیر قانونی سرگرمیوں کے ناقابل تردید ثبوت ملے ہیں۔

سائبر کرائم سرکل کے مطابق یہ کارروائیاں مکمل طور پر منظم اور مربوط انداز میں کی جا رہی تھیں، اور ملزم ارمغان ان تمام سرگرمیوں کی نگرانی خود کرتا تھا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Similar Posts