پاکستان میں ایسے سڑکیں نہیں بنا کرتیں کہ کہا اوربنا دی، مفتاح اسماعیل

0 minutes, 0 seconds Read

سیکریٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایسے سڑکیں نہیں بنا کرتیں کہ کہا اوربنا دی۔ بلوچستان کے لیے آپ کو فنڈز چاہییں ہیں۔ تیل سستا ہوا تو امپورٹ بل کم ہو گیا، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس پر خوشیاں منانے والی کیا بات ہے؟

آج نیوز کے پروگرام نیوز انسائٹ ود عامر ضیا میں گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایسے سڑکیں نہیں بنا کرتیں کہ کہا اوربنا دی۔ جی ٹی روڈ کے آس پاس سڑکیں بنانے کے بہت پیسے ہوتے ہیں، بلوچستان کے لیے آپ کو فنڈز چاہییں ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پٹرول سے بچنے والے پیسے بجٹ فنڈز میں جائیں گے، کیوں کہ حکومت ٹیکس جمع کرانے میں ناکام رہی اسی لیے پٹرولیم لیوی بڑھائی۔

ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی نے کہا کہ ذخیرہ اندوز سستی گندم خرید کر ہمیں مہنگی بیچیں گے اور کسان دیکھتے رہ جائیں گے، حکومت کسانوں کی بجائے سرمایہ کاروں کی مدد کر رہی ہے جو کسانوں سے سستی گندم خرید کر مہنگی بیچیں گے۔

مفتاح اسماعیل نے آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالات سازگار ہیں لیکن پھر بھی حکومت اپنی شاہ خرچی کی روش نہیں بدل رہی، عوام کے لیے حالات نہیں بدل رہے ہیں۔

سیکرٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے جو وعدے کیے تھے پورے نہیں کیے، کوئی ایک اصلاحات کا بل حکومت نہیں لائی، تیل سستا ہو تو امپورٹ بل کم ہو گیا، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس پر خوشیاں منانے والی کیا بات ہے؟

Similar Posts