کراچی والوں کے لیے خوش خبری، کمشنر کراچی نے ڈیڑھ ماہ بعد آٹے کی قیمتوں میں کمی کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا، کمشنر کراچی نے آٹے کی قیمتوں میں 10روپے سے 17روپے فی کلو کمی کر دی ہے۔
کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈھائی نمبر آٹا ہول سیل 83 روپے جبکہ ریٹیل میں 87 روپے فی کلو مقرر کیا گیا، فائن آٹا ہول سیل 88 روپے جبکہ ریٹیل میں 92 روپے فی کلو مقرر ہے۔
چکی آٹا کے نرخ 100 روپے فی کلو مقرر ہے، مارکیٹ میں فائن آٹا 90 سے 100 روپے فی کلو پر فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ چکی آٹا 110 سے 115 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔
کمشنر کراچی دفتر میں شکایتی سیل کو فعال کیا گیا ہے جس سے شہریوں کی شکایت سے گراں فروشی کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
ڈپٹی کمشنرز کو گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سرکاری نرخ کی خلاف ورزی پر دکانداروں پر جرمانہ اور گرفتاری کریں۔