امریکا کا افغان طالبان کی جارحیت کیخلاف پاکستان کے حق دفاع کی حمایت کا اعلان

امریکی محکمہ خارجہ میں سیاسی امور کی سیکریٹری ایلیسن ہوکر کا کہنا ہے کہ امریکہ طالبان کے حملوں کے خلاف پاکستان کے حق دفاع کی حمایت کرتا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پیغام میں ایلیسن ہوکر کا کہنا تھا کہ ان کی جمعے کی شب پاکستانی سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے گفتگو ہوئی ہے جس میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان حالیہ جھڑپوں میں جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ہم صورتحال کی قریب سے نگرانی کر رہے ہیں اور طالبان کے حملوں کے خلاف پاکستان کے حق دفاع کی حمایت کرتے ہیں۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک افغان جنگ پر اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اچھا کر رہا ہے اور میں اس میں مداخلت نہیں کروں گا، پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری جنگ میں مداخلت کریں گے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میں مداخلت کر سکتا ہوں، تاہم پاکستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ پاکستان نہایت شاندار انداز میں آگے بڑھ رہا ہے اور افغانستان کے ساتھ معاملات کو بہتر طریقے سے سنبھال رہا ہے، اس لیے وہ اس معاملے میں مداخلت نہیں کریں گے۔

امریکی صدر نے پاکستان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس ایک عظیم وزیرِاعظم اور جنرل ہیں اور یہ دونوں وہ شخصیات ہیں جن کی میں بے حد عزت کرتا ہوں۔ پاکستان میں مضبوط قیادت موجود ہے جو معاملات کو احسن انداز میں چلا رہی ہے۔

Similar Posts