ایران کی جانب سے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کا آغاز کردیا گیا،ایران نے آپریشن کا نام فتح خیبر رکھا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسو سی ایٹڈ پریس کے کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سےبیلسٹک میزائل داغ دیے گئے ہیں،اسرائیلی ایئرفورس میزائل کو گرانے کی کوشش کررہی ہے،ایرانی میزائلوں کو روکنے کیلئے دفاعی نظام فعال کردیا ہے،نیویارک ٹائمز کے مطابق شمالی اسرائیل اور حیفہ شہرمیں مسلسل سائرن بج رہے ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو نےایران کےخلاف امریکا اسرائیل مشترکہ کارروائی کا اعلان کردیا ہے،کہا امریکا اوراسرائیل نے ایران سے لاحق خطرات ختم کرنے کیلئے آپریشن شروع کردیا،ایران کو جوہری طاقت حاصل کرنے نہیں دیا جائے گا،یہ آپریشن ایرانی عوام کو اپنے فیصلے خود کرنے کا موقع دے گا۔
اسرائیلی حکام نے ملک بھر میں وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر شیلٹرز یا محفوظ مقامات پر چلے جائیں اور اگلے احکامات تک وہیں قیام کریں۔ ہنگامی سائرن بجائے گئے اور شہری دفاع کے اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر متحرک ہے اور حملے کو ناکام بنانے کی کوشش جاری ہے۔ حکام کے مطابق فی الحال کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری اطلاعات موصول نہیں ہوئیں، تاہم صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی پہلے ہی عروج پر ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ دوسری جانب ایران کی جانب سے اس حملے کے حوالے سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
بین الاقوامی برادری اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے کیونکہ ایران اور اسرائیل کے درمیان براہ راست فوجی تصادم خطے میں بڑے بحران کا باعث بن سکتا ہے۔ فی الحال دونوں ممالک کی سرحدی اور فضائی صورتحال انتہائی کشیدہ بتائی جا رہی ہے۔