عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کویت میں تراویح کی نمازوں کے اجتماعات کو معطل کردیا گیا جب کی قطر نے اجتماعی افطار تقریبات پر بھی پابندی لگادی۔
کویت کی وزارتِ اسلامی امور نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کی مساجد میں رمضان کے دوران ادا کی جانے والی نمازِ تراویح اب تاحکم ثانی ادا نہیں کی جائیں گی۔
وزارت کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر عوام کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
حکام کا مزید کہنا کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور حالات بہتر ہونے پر عبادات معمول کے مطابق بحال کر دی جائیں گی۔
اسی دوران قطر نے بھی ملک بھر میں افطار تقریبات اور دیگر اجتماعات عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔
حکام کے مطابق دارالحکومت دوحہ کے آسمان پر دن بھر متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد احتیاطی اقدامات کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا۔
قطری حکام نے اعلان کیا کہ ہوٹلوں اور سیاحتی مقامات پر تمام تفریحی اور عوامی پروگرام بھی معطل کر دیے گئے ہیں۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث قطر نے احتیاطی اقدام کے طور پر تمام سرکاری ملازمین کے لیے عارضی طور پر ورک فرام ہوم کا اعلان کیا گیا ہے۔
قطر کے سول سروس اینڈ گورنمنٹ ڈیولپمنٹ بیورو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی تمام وزارتوں، سرکاری اداروں اور پبلک باڈیز کے ملازمین آئندہ روز اپنے دفاتر آنے کے بجائے گھروں سے کام کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق میزائل حملوں کے دوران بعض میزائلوں یا دفاعی نظام کے تباہ کیے گئے میزائلوں کا ملبہ قطر کے مختلف علاقوں میں گرا، جس کے بعد حکام نے احتیاطی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔