پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلہ دیش کے خلاف 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
بدھ کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے ساتھ سیریز کے لیے 15 رکنی قومی ون ڈے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جب کہ تین میچوں کی سیریز 11 سے 15 مارچ تک ڈھاکا کے شیرِ بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔
پی سی بی کے مطابق قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کریں گے جب کہ اسکواڈ میں چھ نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
جن نئے کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، ان میں عبدالصمد، معاذ صداقت، محمد غازی غوری، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان اور شامل حسین شامل ہیں، ان کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جب کہ عبدالصمد، معاذ صداقت، سعد مسعود اور شامل حسین حال ہی میں پاکستان شاہینز کی جانب سے ابو ظہبی میں انگلینڈ لائنز کے خلاف سیریز میں شریک رہے تھے۔
قومی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فیصل اکرم، حارث رؤف، حسین طلعت، معاذ صداقت، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا اور شامل حسین شامل ہیں جب کہ بابراعظم، صائم ایوب، محمد نواز اور نسیم شاہ کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔
سیریز کے شیڈول کے مطابق قومی ٹیم 8 مارچ کو بنگلہ دیش پہنچے گی جب کہ 10 مارچ کو پریکٹس سیشن ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 11 مارچ، دوسرا 13 مارچ اور تیسرا ون ڈے 15 مارچ کو کھیلا جائے گا جب کہ تینوں میچز ڈھاکا کے میں کھیلے جائیں گے۔