آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارت کے شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے گروپ ٹو سے اور جنوبی افریقا کی ٹیم نے گروپ ون سے پہلے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ جنوبی افریقا نے گروپ اسٹیج میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرایا تھا، اس لیے سیمی فائنل میں اس کا حوصلہ بلند ہوگا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے مجموعی ریکارڈ میں بھی جنوبی افریقا کو برتری حاصل ہے، جو 19 میچوں میں سے 12 بار میدان مار چکی ہے تاہم دونوں ٹیموں کے پاس اعلیٰ معیار کے ٹی 20 کھلاڑی ہیں اور آج ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ ہونے کی توقع ہے۔
دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا اگر تقابلی جائزہ لیں تو اگر جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم ٹورنامنٹ کے سات میچز میں 268 رنز بنا چکے ہیں تو کیوی اوپنر سائفرٹ نے بھی 7 میچز میں 216 رنز بنائے ہوئے ہیں۔ میگا ایونٹ کے ٹاپ ٹین بولرز میں جنوبی افریقہ کے تین گیند باز این گیڈی (12)، کوربن بوش اور مارکو جانسن (11، 11) شکار کر چکے ہیں۔
اس میچ میں 2 دلچسپ ریکارڈز متوقع ہیں یا تو جنوبی افریقا نیوزی لینڈ کے خلاف 0-5 کا ناقابل شکست ریکارڈ حاصل کرے گا یا نیوزی لینڈ کی ناک آؤٹ میچز میں 100 فیصد کامیابی ہوگی۔
جنوبی افریقا کا 0-5 کا ریکارڈ
ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں جنوبی افریقا کو نیوزی لینڈ پر مکمل برتری حاصل ہے، 2007 کے پہلے ایڈیشن سے لے کر 2026 کے گروپ مرحلے میں 7 وکٹ سے جیت تک جنوبی افریقا نے ہمیشہ کیوی ٹیم کی منصوبہ بندی کو ناکام بنایا ہے۔
ایڈن مارکرم کی قیادت میں 2026 کے پروٹیز ایک ایسی ٹیم کے طور پر سامنے آئے ہیں جو صرف کارکردگی دکھانے پر یقین رکھتی ہے۔ کلکتہ پہنچتے ہی وہ ناقابل شکست ہیں اور نفسیاتی برتری کے ساتھ میدان میں اتریں گے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیوزی لینڈ ان کا پسندیدہ حریف ہے۔
نیوزی لینڈ کی ناک آؤٹ برتری
دوسری طرف جب میچ کو ناک آؤٹ قرار دیا جاتا ہے تو تاریخ الٹ جاتی ہے، نیوزی لینڈ نے ہمیشہ آئی سی سی کے الیمینیشن میچز میں جنوبی افریقا کو شکست دی ہے، چاہے 2011 کے ون ڈے ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل ہو یا 2015 کا سیمی فائنل کیویز نے ہر موقع پر پروٹیز کو ہرایا۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل کل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔