لارڈز ٹیسٹ: انگلینڈ کے 389 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی 3 وکٹیں گرگئیں

لارڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم 208 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تاہم پہلی اننگز میں 180 برتری کے باعث انگلش ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 389 رنز کا بڑا ہدف دے دیا ہے تاہم ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور کچھ دیر پہلے تک 10 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 22 رنز بنالیے ہیں۔

لارڈز میں کھیلے جا رہے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 177 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے کیا اور 31 رنز کے اضافے پر باقی تینوں وکٹیں گر گئیں، جس کے بعد پوری انگلش ٹیم 208 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈین لارنس 54 اور ہیری بروک 34 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ ایمیلو گے 31، کپتان جو روٹ 24 اور جارڈن کاکس 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کی دوسری اننگز میں محمد عباس سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد علی اور خرم شہزاد کے حصے میں 2،2 وکٹیں آئیں۔ محمد عباس نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں بھی 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا، اس طرح انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

دوسری جانب پاکستان ٹیم کے اوپنر امام الحق انجری کے باعث دوسری اننگز میں بھی پاکستان کی جانب سے بیٹنگ نہیں کر سکیں گے۔

انگلینڈ کے 389 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں بھی شان مسعود اور آذان اویس نے اننگز کا آغاز کیا لیکن قومی ٹیم کا اسکور 7 تک پہنچا تو یکے بعد دیگرے 2 وکٹیں گرگئیں۔

پہلی اننگز میں 46 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے والے بلے باز آذان اویس دوسری اننگز میں صرف 6 رنز ہی بناسکے اور اولی روبنسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے اور 7 رنز ہی پر عبد اللہ شفیق بھی بغیر کوئی رن بنائے اپنی وکٹ گنوابیٹھے، وہ بھی روبنسن کا شکار بنے۔

اس کے بعد پاکستان کا اسکور 14 رنز تک پہنچا تو کپتان بابر اعظم بھی صرف 6 رنز بناکر جوفرا آرچر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔

اس وقت پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے، قومی ٹیم نے اب تک 10 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 22 رنز بنالیے ہیں۔ سعود شکیل 5 اور شان مسعود 3 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے اولی روبنسن نے 2 اور جوفرا آرچر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے انگلینڈ نے لارڈز ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کا آغاز 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 81 رنز سے کیا تھا تاہم تیسرے روز خراب روشنی کے باعث کھیل جلد ختم کر دیا گیا تھا۔

اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 290 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 110 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، جس کے باعث انگلش ٹیم کو 180 رنز کی قیمتی برتری حاصل ہوئی تھی۔

پہلی اننگ میں پاکستان کے صرف 2 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہو سکے تھے، اذان اویس 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے جب کہ سعود شکیل نے 16 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ کی جانب سے اولی رابنس نے 4 اور جوفرا آرچر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

واضح رہے لیڈز میں کھیلے گے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگ اور 103 رنز سے شکست دی تھی، جس کے بعد انگلش ٹیم کو 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے جب کہ پاکستان ٹیم کو سیریز بچانے کے لیے دوسرے ٹیسٹ میں لازمی فتح یا ڈرا میچ کی ضرورت ہے۔

Related posts