عمران خان کی وکلا سے ملاقات 28ویں آئینی ترمیم سے جڑی ہے: سعد رفیق

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں وکلا سے ہونے والی ملاقاتیں اٹھائیسویں آئینی ترمیم، چھوٹے صوبوں کی تشکیل اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج سے جڑی ہیں۔

سعد رفیق نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان کی اپنی اہلیہ اور وکلا سے ملاقاتیں ایک اچھی بات ہے اور نہ صرف ان کی قیدِ تنہائی ختم ہونی چاہیے بلکہ اگر وہ چاہیں تو اسٹیک ہولڈرز کو ماضی کی تلخیوں سے آگے بڑھ کر ان کی جماعت کے لیے بھی پرامن سیاست کا ماحول پیدا کرنا چاہیے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان ملاقاتوں کا تعلق مجوزہ اٹھائیسویں آئینی ترمیم، چھوٹے صوبوں کی تشکیل اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج سے جڑا ہو سکتا ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے سندھ کی تقسیم پر پیپلز پارٹی کے راضی نہ ہونے کے بعد اب پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت کے حصول کے لیے یہ تجویز عمران خان کے سامنے رکھی جا رہی ہو تاکہ ان کی حمایت کے بدلے پی ٹی آئی کے لیے آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مزید کہا کہ یہ بھی ممکن ہے دہشت گردی کے معاملے پر وفاق سے تعاون کرنے اور آئندہ اسلام آباد پر دھاوے نہ بولنے کی ضمانت کے بدلے گورنر راج کے خاتمے کی تجویز پیش کی گئی ہو۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت کا اکٹھے ہونا نہایت ضروری ہے۔

چھوٹے صوبوں کی تشکیل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے جس کا مطالبہ ملک کے مختلف حصوں میں عرصے سے موجود ہے، لیکن پیپلز پارٹی اور اہلِ سندھ کو الگ تھلگ کر کے یا جیل میں مقید قیادت سے ڈیل کے ذریعے ایسے اقدامات کرنے سے پیچیدگیاں بڑھ سکتی ہیں۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ اس مقصد کے لیے تمام نمائندہ سیاسی جماعتوں کو پارلیمانی حجم سے بالاتر ہو کر آزادانہ ماحول میں بیٹھ کر لائحہ عمل طے کرنے کی سہولت دی جانی چاہیے، کیونکہ سازگار ماحول نہ ہونے کی صورت میں مستقبل کی کوئی بھی پارلیمنٹ ان ترامیم کا خاتمہ کر سکتی ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے سیاسی قوتوں، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کو دباؤ سے آزاد ہو کر مستقبل کے خدوخال تشکیل دینا ہوں گے اور ایک نیا میثاقِ پاکستان وقت کی اشد ضرورت ہے۔

Related posts