ملک سے دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے علاقے کوہاٹ میں دہشت گردوں کے حملے کے میں ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اورامن وامان کے استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے دارہ بکاخ کے مقام پر ہونے والے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر افسران و جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی ہے اور وطنِ عزیز کے امن و سلامتی کے لیے جانیں قربان کرنے والے یہ اہلکار قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قانون نافذ کرنے کی جوابی کارروائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 18 خوارج کو ہلاک کرنا خیبر پختونخوا پولیس کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور دہشتگردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا واضح مظہر ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی ایک مذموم کوشش ہے، لیکن ریاست ایسے عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اپنے ان بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے امن و استحکام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملک سے دہشتگردی کے اس عفریت کے مکمل خاتمے تک حکومت اپنے عزم پر پختہ رہے گی۔

Related posts