گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف پی ٹی آئی نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹادیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرتے ہوئے 5 نومبر کے عدالتی حکم پر نظرثانی کی درخواست دائر کردی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان اور دیگر درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی آئینی عدالت کے حکم سے پشاور ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت آئینی درخواستوں کی کارروائی متاثر ہوئی ہے، اس لیے انہیں مقدمے میں فریق بنا کر مؤقف سننے اور ہائی کورٹ کو درخواستوں کی سماعت کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست شاہ فیصل الیاس اور علی زمان ایڈووکیٹس کے توسط سے دائر کی گئی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی آئینی عدالت 5 نومبر 2026 کے اپنے حکم میں ترمیم کرے اور بیرسٹر گوہر علی خان سمیت دیگر درخواست گزاروں کو بھی مقدمے میں فریق بنایا جائے تاکہ انہیں اس معاملے پر دلائل دینے اور تحریری معروضات جمع کرانے کا موقع مل سکے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے خلاف آئینی درخواستیں پہلے ہی زیرِ سماعت تھیں تاہم وفاقی آئینی عدالت کے حکم کے باعث ان کی کارروائی متاثر ہوئی ہے۔
درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ پشاور ہائی کورٹ کو زیرِ التوا آئینی درخواستوں کی سماعت جاری رکھنے اور ان پر فیصلے کرنے کی اجازت دی جائے۔ عدالت سے شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور انصاف تک رسائی یقینی بنانے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔
درخواست میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور صوبائی اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت بحال کرنے کی استدعا بھی شامل ہے۔
کیس کا پس منظر
خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے لیے صدر مملکت آصف علی زرداری نے 11 اکتوبر 2026 کو وزیراعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت سمری پر دستخط کیے تھے، جس کے بعد صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کردیا گیا تھا۔
اس فیصلے کے خلاف تحریک انصاف سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور دیگر درخواست گزاروں نے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
بعد ازاں 5 نومبر 2026 کو وفاقی آئینی عدالت نے خیبرپختونخوا حکومت کی درخواستوں پر حکم جاری کرتے ہوئے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کی سول انتظامیہ کی معاونت کے تناظر میں 12 اکتوبر یا اس کے بعد دائر آئینی درخواستوں کی کارروائی معطل قرار دے دی تھی۔
وفاقی آئینی عدالت کے اس حکم کے بعد پشاور ہائی کورٹ نے گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف درخواستوں سمیت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور اسپیکر بابر سلیم سواتی کی بازیابی سے متعلق درخواستیں بھی سماعت کے لیے مقرر نہیں کی تھیں۔ اب بیرسٹر گوہر علی خان نے وفاقی آئینی عدالت سے 5 نومبر کے حکم پر نظرثانی کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ میں زیرِ التوا مقدمات کی سماعت بحال کرنے کی استدعا کی ہے۔