الیکشن کمیشن نے 13 پارٹی سربراہان کے نام ویب سائٹ سے ہٹا دیے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی ویب سائٹ پر موجود سیاسی جماعتوں کی فہرست سے 13 جماعتوں کے سربراہان کے نام ہٹا دیے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر ملک میں رجسٹرڈ سیاسی و مذہبی جماعتوں کی تازہ فہرست جاری کر دی گئی ہے۔

فہرست کے مطابق ملک میں مجموعی طور پر رجسٹرڈ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی تعداد 160 ہے جب کہ 13 سیاسی جماعتوں کے پارٹی سربراہ کے نام حذف کردیے گئے ہیں، جن میں کئی نمایاں جماعتیں بھی شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کی تازہ فہرست میں پی ٹی آئی کا نام بطور سیاسی جماعت موجود ہے تاہم سربراہ کے حصے میں کوئی نام درج نہیں ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا نام بھی الیکشن کمیشن کی فہرست سے حذف کر دیا گیا ہے۔ خالد مقبول صدیقی کا نام انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے اکتوبر تک کی مہلت ختم ہونے پر ہٹایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ جن سیاسی جماعتوں کے سربراہان کے نام حذف کیے گئے ہیں ان میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور تحریک لبیک پاکستان، پاکستان سنی تحریک اور اتحادِ امت پاکستان شامل ہیں۔

دیگر سیاسی جماعتوں میں عوامِ پاکستان، جماعتِ صفہ، تحریک ترقی و کمال، پاکستان قبائل موومنٹ، عوامی ڈیموکریٹک پارٹی، لیبر قومی موومنٹ اور اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان شامل ہیں۔

Related posts