پورا سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے، صوبوں کے معاملے پر عوام کی رائے قبول کریں گے: محسن نقوی

وزیر داخلہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی رائے میں نئے صوبے بنانے چاہییں تو ایسا کر لیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ پورے نظام کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیرِ داخلہ نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے دفتر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب جمہوریت کی بات کرتے ہیں لہذا صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرا لیا جانا چاہیے اور عوام کی جو بھی رائے ہو گی اسے کھلے دل سے تسلیم کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف سروے بھی یہی بتا رہے ہیں کہ اکثریت نئے صوبے بننے کے حق میں ہے اور اگر عوام کی یہی خواہش ہے تو نئے صوبے بنا دیے جانے چاہئیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے نظام کی بہتری کے حوالے سے عزم ظاہر کیا کہ پورا کا پورا سسٹم ری سیٹ ہونا چاہیے کیونکہ اب سارا سسٹم ٹھیک ہونے کی طرف جا رہا ہے، اور اس معاملے پر وہ اور بلاول بھٹو ایک ہی پیج پر ہیں۔

اسلام آباد کی زمینوں پر قبضے

اسلام آباد کی زمینوں کے معاملات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ دارالحکومت کی زمینوں پر بے دردی سے قبضے کیے گئے ہیں، اور واضح کیا کہ غیر قانونی نوٹسز صرف ایک شخص کو نہیں بلکہ پانچ سے چھ افراد کو جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ پاکستان میں کرپشن موجود نہیں ہے تو وہ معذرت کے ساتھ کہیں گے کہ کرپشن موجود ہے اور پورے پاکستان سے اس ناسور پر قابو پانا ہو گا۔

بانی پی ٹی آئی کو ریلیف؟

قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کے فیصلوں پر بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ بانی پی ٹی آئی کو تمام قانونی حقوق فراہم کیے جائیں گے اور عدالتوں سے انہیں جو بھی ریلیف مل سکتا ہے وہ قانونی تقاضوں کے مطابق ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ملکی حالات کو بہتر بنانے کا کوئی اور بہتر حل موجود ہے تو اس کے لیے بھی براہ راست عوام کے پاس جانا چاہیے۔

بلیک میلنگ اور سائبر کرائم

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر چھ بچیوں کو بلیک میل کرنے والے ملزمان کو چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا ہے اور بچوں کو بلیک میل کرنے جیسے مکروہ فعل پر حکومت کی طرف سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ سائبر کرائم سے متعلق شکایات کو جلد آن لائن کیا جا رہا ہے اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی شکایات کو نادرا کی پاک آئی ڈی کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ ایک ایک شکایت کا مؤثر انداز میں سراغ لگایا جا سکے اور اس حوالے سے وزیراعظم سے ملاقات میں ادارے کے وسائل پر تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی۔

محسن نقوی نے ادارے کے محدود وسائل کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے پاس صرف اکسٹھ افراد کام کر رہے ہیں، جو کہ ایک بڑا سوالیہ نشان ہے کہ اتنے کم عملے سے کتنا کام لیا جا سکتا ہے، تاہم اس کے باوجود ادارہ دن رات محنت کر رہا ہے۔

Related posts