موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں، وزیراعظم کا کوپ 31 سے خطاب
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوپ 31 کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے محض زبانی وعدوں کے بجائے عملی اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے اس موقع پر کانفرنس کی شاندار میزبانی کرنے پر ترک صدر اور وہاں کے عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ قدرتی آفات انسانی جانوں اور مالی نقصانات کا بڑا سبب بنتی ہیں اور موسمیاتی تبدیلی کے دنیا بھر میں بے پناہ منفی نقصانات سامنے آ رہے ہیں۔
سال 2022 کے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے یاد دلایا کہ اس بحران کے دوران پاکستان کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں تین کروڑ تیس لاکھ افراد براہ راست متاثر ہوئے اور ملک کو شدید معاشی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی کوئی سرحدیں نہیں ہوتی ہیں اور مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان اور ترکیہ کی حکومتیں اور عوام ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے ماحول دوست اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ ملک میں ماحول دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے بیس میگاواٹ روف ٹاپ سولر صلاحیت کا اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر کاربن کے مجموعی اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم کا ذمہ دار ہے، اس کے باوجود وہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔
خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ترقی پذیر ممالک کے ساتھ ماحولیاتی فنڈز اور معاونت کے حوالے سے کیے گئے اپنے پرانے وعدے پورے کرے تاکہ متاثرہ خطے اس چیلنج کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔