پاکستان نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی

0 minutes, 0 seconds Read
پاکستان نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرتے ہوئے ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی شعبے کے لیے نیا قانونی فریم ورک قائم کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کی شرط پر پارلیمنٹ نے ورچوئل اثاثہ جات ایکٹ 2026 منظور کر لیا ہے،  جس کے تحت پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی باضابطہ طور پر قائم کر دی گئی ہے۔

یہ اتھارٹی ملک میں ورچوئل اثاثہ سروس فراہم کرنے والوں کو لائسنس جاری کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی نگرانی بھی کرے گی۔ اس قانون کا مقصد سرمایہ کاروں کا تحفظ یقینی بنانا اور ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نئے فریم ورک سے ورچوئل اثاثہ مارکیٹ میں استحکام آئے گا اور نئی ٹیکنالوجی کی حوصلہ افزائی بھی ممکن ہو سکے گی۔ اتھارٹی کو ابتدائی طور پر جولائی 2025 میں صدارتی آرڈیننس کے ذریعے قائم کیا گیا تھا،  جسے اب پارلیمنٹ سے باقاعدہ قانونی حیثیت مل گئی ہے۔

قانون کے تحت منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کو بھی یقینی بنایا جائے گا جبکہ  پاکستان کے ضابطہ کار کو عالمی معیار کے مطابق تشکیل دیا جا رہا ہے۔

Similar Posts