پاکستان نے ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائرز کے سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا، گرین شرٹس نے آٹھ سال بعد عالمی ایونٹ میں شرکت کے لیے اپنا ٹکٹ کنفرم کرلیا۔
مصر میں جاری ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائرز کے سیمی فائنل میں پاکستان اور جاپان کے درمیان انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا، جس میں قومی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
میچ کے آغاز میں پاکستان نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور قومی ٹیم کی جانب سے پہلا گول محمد عماد نے نویں منٹ میں اسکور کیا۔ تاہم جاپان نے 21ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
بعد ازاں جاپانی ٹیم نے کھیل میں برتری حاصل کرتے ہوئے 35ویں اور 41ویں منٹ میں مزید دو گول اسکور کیے اور اس طرح پاکستان کے خلاف اسکور 1-3 کردیا۔
میچ کے آخری کوارٹر میں پاکستانی ٹیم نے زبردست کم بیک کیا۔ ابو محمد نے 52ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کیا، جس کے بعد سفیان خان نے 55ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ پھر افراز نے 57ویں منٹ میں فیصلہ کن گول اسکور کرکے پاکستان کو 3-4 کی برتری دلادی۔
میچ کے آخری لمحات میں پاکستان کے گول کیپر علی رضا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپان کے پنلٹی اسٹروک پر اہم گول بچایا اور ٹیم کی فتح یقینی بنادی۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے آٹھ سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا، جسے قومی ہاکی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔