قطر کے وزیر توانائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر خلیج کے تمام تیل اور گیس برآمد کنندگان چند دنوں میں پیداوار بند کر دیں تو عالمی توانائی مارکیٹ میں بحران پیدا ہو سکتا ہے، جس سے خام تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔
قطر کے وزیرتوانائی سعد شریده الکعبی نے کہا ہے کہ خلیج میں جاری تنازعات جو عالمی توانائی کی فراہمی اور شپنگ راستوں کے لیے اہم ہیں، دنیا کی معیشتوں کو شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے فنانشل ٹائمز کو بتایا کہ موجودہ تنازعے کے اثرات عالمی سطح پر محسوس ہوں گے اور توانائی کی قیمتیں بلند ہوں گی۔
برینٹ کروڈ کی قیمت 89.17 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے، جو جمعرات کے اختتام کے مقابلے میں 4.4 فیصد زیادہ ہے۔ الکعبی نے خبردار کیا کہ اگر ہرمز کے تنگ سمندری راستے سے جہاز نہیں گزر پاتے تو چند ہفتوں میں تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل تک جا سکتی ہے۔
عام طور پر دنیا کے ایک پانچویں حصے کا تیل روزانہ ہرمز کے راستے سے گزرتا ہے، لیکن امریکا-اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے بعد جہازوں کی نقل و حرکت تقریباً رک گئی ہے۔ تقریباً 3,000 جہاز ماہانہ اس راستے سے گزرتے ہیں، جب کہ موجودہ بحران میں 200 ٹینکرز متاثر ہوئے ہیں۔
اگرچہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے پاس پائپ لائنز ہیں جو تیل کی ترسیل کو ہرمز کے راستے کے بغیر ممکن بناتی ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ خطرات برقرار رہے تو تیل کی قیمت اور شپنگ دونوں پر دباؤ بڑھے گا۔
قطر انرجی نے پہلے ہی ایل این جی کی پیداوار روک دی ہے اور کمپنی نے (Force Majeure) کا اعلان کیا ہے، جو قانونی اصطلاح ہے جس کا مطلب ہے کہ کمپنی یا فریق کسی غیر متوقع واقعے کی وجہ سے معاہدے کی شرائط پوری نہ کرنے پر ذمہ دار نہیں ہوگا۔
قطر کے وزیرتوانائی سعد شریده الکعبی کا کہنا ہے کہ اگر جنگ جاری رہی تو دیگر تمام توانائی برآمد کنندگان کو بھی چند دنوں میں ایسا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ جنگ چند ہفتوں تک جاری رہی، تو دنیا بھر میں جی ڈی پی کی ترقی متاثر ہوگی، توانائی کی قیمتیں بڑھیں گی، مصنوعات کی کمی ہوگی اور فیکٹریوں میں پیداوار متاثر ہوگی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹس میں تیل کی قیمتوں میں بین الاقوامی منڈیوں میں تیزی کے بعد سرمایہ کار توانائی کے مستقبل کے حوالے سے محتاط ہو گئے ہیں اور مارکیٹ میں عدم استحکام کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ قطر نے پہلے ہی اپنی ایل این جی (LNG) پروڈکشن کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔