پارا چنار میں شادی میں کھانا کھانے سے بچوں سمیت 150 سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی۔ متاثرہ افراد میں اکثریت بچوں کی ہے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پاراچنار کے نواحی علاقے شلوزان دوراوی میں شادی کے ولیمہ کے دوران زہریلا کھانا کھانے سے بچوں سمیت 150 سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی۔
متاثرہ افراد میں اکثریت بچوں کی ہے، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال لایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ریسکیو 1122، ایدھی فاؤنڈیشن، دیگر فلاحی اداروں اور نجی گاڑیوں کی مدد سے متاثرین کو فوری طور پر طبی مراکز منتقل کیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق کھانے کے بعد کئی بچوں کی طبیعت بگڑ گئی، جس کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر خالد عمران نے بتایا ہے کہ تمام متاثرہ بچوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور ہسپتال میں تمام تر طبی سہولیات موجود ہیں۔
ایم ایس ڈاکٹر میر حسن جان کے مطابق متاثرہ بچوں کو بھرپور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔