آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آج احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی، جہاں ٹرافی کے ساتھ ساتھ فاتح ٹیم کے لیے کروڑوں روپے کی انعامی رقم بھی داؤ پر لگی ہوگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے مجموعی طور پر 13.5 ملین ڈالر کی انعامی رقم مختص کی ہے جو تقریباً 120 کروڑ بھارتی روپے بنتی ہے۔ یہ رقم گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد زیادہ ہے، جس میں بھارت نے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
آئی سی سی کے اعلان کے مطابق فائنل جیتنے والی ٹیم کو 3 ملین ڈالر یعنی تقریباً 27 کروڑ 48 لاکھ بھارتی روپے دیے جائیں گے جب کہ رنرز اپ ٹیم کو 1.6 ملین ڈالر (تقریباً 14 کروڑ 65 لاکھ روپے) انعام کے طور پر ملیں گے۔
بھارتی ٹیم کے پاس اس فائنل میں ایک اور تاریخی موقع بھی موجود ہے کیوں کہ اگر وہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تو وہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا اعزاز مسلسل دوسری مرتبہ اپنے نام کرنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔
احمد آباد میں ہونے والے اس ہائی پروفائل مقابلے کو دنیا بھر میں کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد دیکھنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی لیکن فائنل میں جگہ نہ بنانے والی ٹیموں کو بھی انعامی رقم دی جائے گی۔ ہر سیمی فائنلسٹ ٹیم کو 7 لاکھ 90 ہزار ڈالر (تقریباً 7 کروڑ 24 لاکھ بھارتی روپے) ملیں گے۔ اسی طرح سپر 8 مرحلے تک پہنچنے والی ٹیموں کو 3 لاکھ 80 ہزار ڈالر (تقریباً 3 کروڑ 48 لاکھ روپے) دیے جائیں گے۔
گروپ مرحلے سے باہر ہونے والی ٹیموں کو بھی 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر یعنی (تقریباً 2 کروڑ 29) لاکھ بھارتی روپے دیے جائیں گے، جس کے ذریعے ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کو انعامی رقم میں حصہ ملے گا۔
یاد رہے کہ 2024 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت نے فاتح بن کر 2.45 ملین ڈالرز اور رنرز اپ جنوبی افریقہ نے 1.28 ملین ڈالرز حاصل کیے تھے۔ اس کے علاوہ، بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے بھارتی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں، کوچز، اسٹاف اور ریزرو کھلاڑیوں کے لیے اضافی انعام بھی اعلان کیا تھا۔
اب سب کی نظریں احمد آباد پر ہیں، جہاں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا فائنل آج شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا اور دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والا یہ مقابلہ شائقین کے لیے یادگار لمحے لائے گا۔