ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل: بھارت کی نیوزی لینڈ کے خلاف جارحانہ بیٹنگ جاری

0 minutes, 0 seconds Read

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف بھارت کی بیٹنگ جاری ہے، بھارت نے کچھ دیر پہلے تک 9 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 115 رنز بنالیے ہیں۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے ٹائٹل کی جنگ میں اتوار کو 8 مارچ کو بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہیں جہاں کیوی ٹیم کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی ہے۔

ٹاس کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ کوشش ہوگی بھارت کو کم ٹوٹل تک محدود رکھیں۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ پہلے بیٹنگ کرنے پر ہم خوش ہیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، جہاں کول میک کونکی کی جگہ پر فاسٹ بولر جیکب ڈفی کو شامل کیا گیا ہے جب کہ اس میچ کےلیے بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

بھارت کا اسکواڈ

بھارت کی ٹیم میں سنجو سیمسن، ابھیشیک شرما، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، سوریا کمار یادو (کپتان)، ہاردک پانڈیا، تلک ورما، اکشر پٹیل، شیوَم ڈُوبے، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی اور جسپریت بمراہ شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

نیوزی لینڈ کی ٹیم میں فِن ایلن، ٹِم سائیفرٹ (وکٹ کیپر)، رچِن رویندرا، گلین فلپس، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، مچل سینٹنر (کپتان)، جمی نیشم، میٹ ہنری، جیکب ڈفی اور لوکی فرگوسن شامل ہیں۔

بھارتی ٹیم کی توجہ تاریخ رقم کرنے پر مرکوز ہے، اگر انڈیا یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو وہ تیسری بار ٹی20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لے گا جب کہ بھارتی ٹیم 2007 اور 2024 میں ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔

دوسری طرف نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی بار اس فارمیٹ میں عالمی چیمپیئن بننے کے عزم کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں قریباً 30 میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں بھارت نے 18 جبکہ نیوزی لینڈ نے 11 مقابلے اپنے نام کیے اور ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔ تاہم ٹی20 ورلڈ کپ کے مقابلوں میں نیوزی لینڈ کی بھارت کے مقابلے میں برتری رہی ہے۔

بھارتی ٹیم نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر فیصلہ کن مرحلے میں رسائی حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کی حالیہ فارم کو مدنظر رکھتے ہوئے ماہرین اس فائنل کو انتہائی دلچسپ اور سخت مقابلہ قرار دے رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیموں کے پاس مضبوط بیٹنگ اور مؤثر بولنگ موجود ہے، اس لیے یہ فائنل نہایت سنسنی خیز ثابت ہوگا اور عالمی ٹورنامنٹ کے شاندار اختتام کی توقع کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم کو ایونٹ میں صرف جنوبی افریقا نے شکست دی جب کہ نیوزی لینڈ کو گروپ مرحلے میں جنوبی افریقا اور سپر 8 مرحلے میں انگلینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کیویز نے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے ہرایا، جبکہ بھارت نے انگلینڈ کو 7 رنز سے مات دی تھی۔

Similar Posts