وزیراعظم کے خطاب پر مرکزی مسلم لیگ کا ردعمل سامنے آ گیا

0 minutes, 0 seconds Read
وزیراعظم شہباز شریف کے قوم سے خطاب پر مرکزی مسلم لیگ نے ردعمل دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

مرکزی مسلم لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور اس کے قومی اثرات پر مشاورت کی گئی، اجلاس کے بعد اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔

ترجمان مرکزی مسلم لیگ تابش قیوم نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایثار، قربانی اور اتحاد و اتفاق وقت کا تقاضہ ہے اور اللہ تعالیٰ پاکستان کو سرخرو کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال تشویشناک ہے اور چیلنجز کا مقابلہ متحد ہو کر ہی کیا جا سکتا ہے۔

تابش قیوم کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے مگر حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی بات کر رہی ہے، جبکہ قبل از وقت 55 روپے کا اضافہ بھی کیا گیا حالانکہ ملک میں ذخائر موجود تھے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس فیصلے کی تحقیقات کی جائیں اور قیمتوں کو معمول پر لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول کا ذخیرہ ہونے کے باوجود قیمتوں میں اضافے کا بوجھ غریب عوام اور مزدور طبقے پر پڑے گا، حکومت کو حالات کی پیش بندی بہتر انداز میں کرنی چاہیے تھی۔

تابش قیوم کے مطابق بھاری لیویز، ٹیکسز اور ناقص معاشی پالیسیوں کا بوجھ براہ راست عوام پر ڈالا جا رہا ہے جبکہ مہنگائی کے باعث غریب عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

مرکزی مسلم لیگ نے اعلان کیا کہ مشکل گھڑی میں جماعت خدمت کا دائرہ مزید وسیع کرے گی اور کارکنان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سحر و افطار کے دسترخوان، سہولت بازار اور سستے تندور یونین کونسل کی سطح پر قائم کریں۔

اعلامیے کے مطابق متاثرہ افراد کی فہرستیں تیار کر کے راشن کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ حالات مزید سنگین ہونے کی صورت میں سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے شعبہ خدمت خلق کے چیئرمین شفیق الرحمان وڑائچ کو ملک گیر منصوبہ بندی کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔

Similar Posts