تربیلا حادثہ: ڈیم میں پانی کی سطح میں کمی، وزیرِ اعظم نے نوٹس لے لیا

تربیلا ڈیم کے تعمیراتی حصے میں حادثے کے بعد ڈیم سے پانی کے اخراج میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث اخراج ڈیڑھ لاکھ کیوسک سے زائد رہنے کا امکان ہے۔

واقعے کی سنگینی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے وزیرِ اعظم نے تربیلا ڈیم حادثے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے، جس میں تمام اداروں کو واقعے کی بنیادی وجوہات اور اب تک کی پیش رفت سے آگاه کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈیم انتظامیہ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح 1492 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جو کہ ڈیڈ لیول سے 90 فٹ بلند ہے۔ ڈیم کا ڈیڈ لیول 1402 فٹ جبکہ فل لیول 1550 فٹ ہے۔

ڈیم انتظامیہ نے بتایا ہے کہ اس وقت بجلی پیدا کرنے والے 15 یونٹس فعال ہیں جبکہ 2 یونٹس کو بند کر دیا گیا ہے، اور ڈیم سے بجلی کی موجودہ پیداوار 656 میگا واٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے۔

حادثے کی پیشِ نظر ہری پور، صوابی اور نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کے تحفظ اور احتیاطی تدابیر کی سخت ہدایات دی گئی ہیں۔

معاملے کی تحقیقات اور صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے چیئرمین واپڈا محمد سعید ٹی فائیو (T-5) توسیعی منصوبے کا دورہ کر رہے ہیں، جہاں وہ تعمیراتی مقام پر جاری تحقیقات اور بحالی کی پیش رفت کی نگرانی کریں گے۔

تربیلا ڈیم کا پانچواں توسیعی منصوبہ 2028 تک مکمل ہونا طے تھا، تاہم اس پیش آنے والے حادثے کے بعد منصوبے پر تمام تعمیراتی کام کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

Related posts