‘کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی کوئی وجہ نہیں’: الیکشن کمیشن کا فیصلہ محفوظ

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی کوئی منطقی وجہ نظر نہیں آتی۔ الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی، جس میں وزارتِ دفاع کے حکام اور قانونی مشیر بھی پیش ہوئے۔

وزارتِ دفاع کے حکام نے بتایا کہ انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے لیے درخواست وفاقی حکومت کو بھجوائی جاچکی ہے، تاہم تاحال جواب موصول نہیں ہوا۔

اس پر چیف الیکشن کمشنر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نہ وزارتِ دفاع کو جواب دے رہی ہے اور نہ ہی الیکشن کمیشن سے انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کی درخواست کررہی ہے۔

وزارتِ دفاع کے مشیرِ قانون اور ایڈیشنل ڈی جی ملٹری لینڈز نے کمیشن کو بتایا کہ دو کنٹونمنٹ بورڈز میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونا باقی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام کی ہدایت کا حوالہ دیتے ہوئے جنوری 2027 تک مہلت دینے کی درخواست کی اور یقین دہانی کرائی کہ اس مدت میں حلقہ بندیاں مکمل کرلی جائیں گی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جن علاقوں میں حلقہ بندیوں کا کام زیرِ التوا ہے، انہیں چھوڑ کر باقی علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کرائے جاسکتے ہیں۔

تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا، جو جلد سنایا جائے گا۔

Related posts