مکہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں؛ ملکی سلامتی اور خوشحالی ترجیح ہے: اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی نظام میں بڑی اور تیز رفتار تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، جن کے پیشِ نظر پاکستان کے لیے اپنی قومی سلامتی اور عوام کی خوشحالی کو یقینی بنانا بنیادی ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان اہداف کے حصول کے لیے اندرونی استحکام کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ مؤثر اور فعال سفارتکاری کی اشد ضرورت ہے۔
نائب وزیراعظم نے اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیرِ اہتمام منعقدہ عالمی کانفرنس ’مارگلہ ڈائیلاگ‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھرتے ہوئے عالمی نظام کی ساخت ابھی غیر یقینی ہے اور عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشمکش سے تصادم اور غلط فہمیوں کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عسکری طاقت کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے سفارتکاری کی گنجائش محدود ہو رہی ہے، جبکہ اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی ادارے سیاسی اختلافات اور بین الاقوامی قوانین کے غیر یکساں اطلاق کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہیں۔
اسحاق ڈار نے خارجہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ ہمہ جہت اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، جبکہ امریکا کے ساتھ تعمیری روابط جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان خلیجی ممالک، یورپ، وسطی ایشیا، جاپان، مصر، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا سمیت دیگر اہم عالمی شراکت داروں کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دے رہا ہے۔
نائب وزیراعظم نے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ شراکت داری اور مکہ معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ یہ مشترکہ دفاعی و تکنیکی تعاون پر مبنی اقدام کسی دوسرے ملک کے خلاف نہیں بلکہ صرف دفاعی نوعیت کا ہے، جس کا مقصد علاقائی امن، استحکام اور دہشت گردی کی روک تھام ہے۔
اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں اس بات پر بھی زور دیا کہ جغرافیائی سیاست اور معیشت ایک دوسرے سے جڑ چکے ہیں، جہاں تجارت، ٹیکنالوجی اور توانائی تک رسائی پر تزویراتی رقابت کے اثرات گہرے ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے تندوتیز فروغ سے پیدا ہونے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے نئے قواعد اور جوابدہی کی ضرورت ہے۔
نائب وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان میں معاشی ترقی، روزگار کے مواقع، غیر ملکی سرمایہ کاری اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کاروبار دوست ماحول اور مضبوط اداروں کی تشکیل پر عمل پیرا ہے۔