لکی مروت میں ڈرون پروازیں پولیس نے ناکام بنا دیں، ملبہ گرنے سے دو افراد زخمی

0 minutes, 0 seconds Read
معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کوہاٹ میں ڈرون پروازوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ڈرون پروازوں کو ناکام بنا دیا تاہم ملبہ گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

دفتر معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ حکومت خیبر پختونخوا سے جاری بیان کے مطابق شفیع جان نے کہا کہ کوہاٹ میں مشتبہ ڈرون پروازوں کی شدید مذمت کرتے ہیں جہاں پولیس کی خصوصی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ ڈرون کو اینٹی ڈرون سسٹم کے ذریعے جام کر دیا۔

شفیع جان نے کہا کہ اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈرون کے سگنلز جام کیے گئے، موٹر بند ہونے سے ڈرون زمین پر گر گیا اور ڈرون کا ملبہ گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کا ثبوت ہے، کوہاٹ سمیت پورے صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے پولیس کے استعداد کار میں اضافے کے لیے 31 ارب روپے کے پیکج کی منظوری دی ہے، اب تک 7 ارب روپے سے زیادہ جدید اسلحہ، اینٹی ڈرون جیمنگ سسٹم اور جدید ٹیکنالوجی کی خریداری پر خرچ کیے گئے۔

شفیع جان نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں قیام امن کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ لکی مروت میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور  وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے واقعے کی رپورٹ آئی جی پولیس سے طلب کر لی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

 

Similar Posts