راولپنڈی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 9ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 120 رنز سے ہرایا۔
پشاور زلمی کے 228 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 16ویں اوور میں 107 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 10 کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کو 5 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ جاح مزاج بلے باز صائم ایوب بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے۔
محمد حارث نے 21 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ ٹام کوہلر کیڈمور 30 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز حسین طلعت نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے 37 رنز بنائے تاہم اختتامی لمحات میں عبدالصمد کے 14 گیندوں پر 40 اور مچل اوین کے 15 گیندوں پر 34 رنز نے پشاور زلمی کو 227 کے مجموعے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔ زلمی کے کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 16 چھکے لگائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ویلی، مائیکل بریسویل اور عبید شاہ نے دو دو جبکہ افتخار احمد نے ایک وکٹ لی۔
سلطانز کی جانب سے عثمان خان 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ شائی ہوپ 20، کپتان محمد رضوان 15، ڈیوڈ ولی 13۔ کامران غلام 6، مائیکل بریسویل 3، افتخار احمد 2، اسامہ میر 1 اور ایشٹن ٹرنر 0 اور عاکف جاوید 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
عبید شاہ 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہوگئے۔