چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز میں جنگی بیڑے بھیجنے کی اپیل پر فوری ردعمل دینے سے گریز کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کریں اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔
پیر کو بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے آبنائے ہرمز میں جاری صورت حال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی میں اضافہ تشویش کا باعث ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تجارتی سامان اور توانائی کی ترسیل کے لیے ایک اہم گزرگاہ ہے اور موجودہ کشیدگی ان راستوں کو متاثر کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین تمام متعلقہ فریقین سے اپیل کرتا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کریں اور تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ صورت حال مزید خراب نہ ہو۔
چینی دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق خطے میں کشیدگی میں اضافے سے عالمی سطح پر معاشی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، اس لیے تمام فریقین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے استحکام کی جانب اقدامات کرنے چاہئیں۔