اس مسئلے کے حل کے لیے دو طالب علموں نے ایک موبائل ایپ تیار کرلی ہے جس کے ذریعے مسافر بسوں کے روٹس، اسٹاپس اور روانگی کے اوقات سے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
ایپ تیار کرنے والے طالب علم محمد غیاث نے بتایا کہ انہیں اس خیال کا آغاز اس وقت ہوا جب وہ اپنے ہوسٹل جانے کے لیے بس اسٹاپ پر تقریباً آدھا گھنٹہ انتظار کرتے رہے، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ اس روٹ کی آخری الیکٹرک بس جا چکی تھی۔
ان کے مطابق اسی تجربے کے بعد انہوں نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر ایسا نظام تیار کرنے کا فیصلہ کیا جو مسافروں کو بسوں کے اوقات اور روٹس کی بروقت معلومات فراہم کرسکے۔
محمد غیاث کے مطابق ایپ میں الیکٹرک بسوں کے مختلف روٹس، بس اسٹاپس اور روانگی کے اوقات درج کیے گئے ہیں۔ اگر کسی روٹ یا بس کے وقت میں تبدیلی ہوتی ہے تو صارفین کو فوری نوٹیفکیشن بھی موصول ہوسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ معلومات انٹرنیٹ پر موجود عوامی ڈیٹا سے حاصل کرکے آسان اور قابلِ فہم انداز میں ایپ میں شامل کی گئی ہیں۔ یہ ایپ آف لائن یعنی انٹرنیٹ کے بغیر بھی کام کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایپ کو باضابطہ طور پر پلے اسٹور پر اپ لوڈ نہیں کیا گیا بلکہ اسے ایک ویب سائٹ کے ذریعے دستیاب کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق جب ایپ کا تعارف سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر کروایا گیا تو دو دن کے اندر پچاس ہزار سے زائد افراد نے اسے دیکھا جبکہ پانچ سو سے زیادہ صارفین نے اسے ڈاؤن لوڈ کیا۔