سہیل آفریدی سمیت 9 اراکین اسمبلی کی حراست آئینی عدالت میں چیلنج
وفاقی آئینی عدالت میں ایک اہم آئینی درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں سہیل آفریدی اور بابر سلیم سواتی سمیت 9 اراکین اسمبلی کی گرفتاری اور حراست کو چیلنج کیا گیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کی جانب سے ایڈووکیٹ معظم بٹ کے توسط سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ منتخب نمائندوں کو حراست میں رکھنا عوام کے انتخابی مینڈیٹ کو غیر مؤثر بنانے کے مترادف ہے اور عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ تمام زیر حراست ارکان اسمبلی کو عدالت میں پیش کر کے ان کی حراست کا قانونی جواز جانچا جائے اور ان کی فوری رہائی کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں عدالت کے روبرو یہ اہم آئینی سوال بھی اٹھایا گیا ہے کہ آیا ریاستی ادارے منتخب نمائندوں کی سیاسی سرگرمیوں اور ان کے پارلیمانی کردار کو روک سکتے ہیں یا نہیں۔
دائر کردہ پٹیشن کے مطابق سیاسی وابستگی کی بنیاد پر منتخب نمائندوں کو نشانہ بنانا آئین کے آرٹیکل 4، 14، 17 اور 25 کی صریح خلاف ورزی ہے، اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ یہ واضح کرے کہ زیر حراست ارکان اسمبلی اس وقت کہاں ہیں اور ان کی حراست کی قانونی حیثیت کیا ہے۔
درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 232، 234 اور 245 کے تحت حاصل ہونے والے غیر معمولی اختیارات بھی شہریوں کے بنیادی حقوق سے بالاتر نہیں ہیں اور گورنر راج نافذ ہونے سے بنیادی حقوق ختم نہیں ہو جاتے، بلکہ تمام حکومتی اقدامات وفاقی آئینی عدالت کے عدالتی جائزے کے تابع ہیں۔
درخواست میں یہ بھی یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ بانی نے محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری سونپی تھی، اور ریاستی مشینری کو سیاسی اختلاف دبانے اور منتخب نمائندوں کو غیر مؤثر بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔