غیرقانونی سرگرمیوں میں سہیل آفریدی کے بھائی سمیت 12 سیاسی شخصیات ملوث، کان کنی کے لائسنس منسوخ کردیے: گورنر
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے میں غیر قانونی سرگرمیوں میں 12 سیاسی شخصیات ملوث ہیں۔ گورنر نے صوبے میں معدنی وسائل کے تحفظ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں سونے کی کان کنی کے تمام لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے ہفتے کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ صوبے میں غیر قانونی سرگرمیوں میں شہریار آفریدی، آفتاب عالم اور سہیل آفریدی کے بھائی بھی شامل ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں بند کی جارہی ہیں۔ انہوں نے الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیدار ایک ہفتے میں اپنی تمام مشنیری ہٹالیں ورنہ سخت ایکشن ہوگا، مشینری نہ ہٹائی تو ایک ہفتے بعد ضبط کرلیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ غیر قانونی کان کنی سے ہر ماہ 90 کلو سونا نکالا جارہا تھا، اور یہ تمام سونا افغانستان جارہا تھا جہاں اسے دہشتگردی کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں 4.92 ارب روپے مالیت کی ماہانہ غیر قانونی کان کنی ہو رہی تھی اور غیر قانونی کان کنی کرنے والے فتنتہ الخوارج کو بھتہ دیتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی کان کنی کے اڈوں کےخلاف آپریشن تیز کیا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن اولین ترجیح ہے اور وہ کسی کو بھی صوبے کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا کے معدنی وسائل یہاں کے عوام کی امانت ہیں اور ان کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کا سفر آگے بڑھایا جا سکے۔
فیصل کریم کنڈی نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 13 سال کے دوران خیبر پختونخوا کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا ہے، لیکن اب صوبے میں اقربا پروری یا قانون شکنی کے بجائے صرف سزا و جزا کا نظام چلے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ گورنر راج کے نفاذ کے بعد وہ اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر مؤثر انداز میں کام کر رہے ہیں اور اب معدنی وسائل کو مکمل طور پر قانونی طریقوں سے بروئے کار لایا جائے گا۔
گورنر نے خبردار کیا کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کان کنی کے شعبے میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور صوبے کے قیمتی وسائل پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اس جنگ میں ہمارے پاس ہارنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اور صوبے کے امن و استحکام کے لیے تمام ریاستی ادارے اور متعلقہ فریق پُرعزم ہیں۔