’ڈی ایچ اے والی میڈ‘ پہلی بار اشتہار میں جلوہ گر

سوشل میڈیا پر اپنی روزمرہ زندگی اور گھریلو کام کاج کی ویڈیوز سے مقبول ہونے والی پاکستانی انفلوئنسر اور یوٹیوبر ’ڈی ایچ اے والی میڈ‘ کامیابی کی ایک اور منزل طے کرتے ہوئے پہلی بار ایک معروف مٹھائی کے برانڈ کے اشتہار میں نظر آنے والی ہیں۔

ڈی ایچ اے والی میڈ نے سوشل میڈیا پر اس وقت لوگوں کی توجہ حاصل کی جب انہوں نے ڈی ایچ اے میں ایک گھر میں کام کرنے اور اپنی گھریلو زندگی سے متعلق ویڈیوز بنانا شروع کیں۔

ان کی ویڈیوز میں گھر کے روزمرہ کام، ملازمت کے دوران پیش آنے والے معاملات، اپنے گھر کی ذمہ داریاں اور خاندان کے ساتھ مصروفیات دکھائی جاتی ہیں۔ ان کا مواد عام گھریلو زندگی کے مختلف پہلوؤں پر مبنی ہے، جسے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاصی پذیرائی ملی۔

دیکھتے ہی دیکھتے ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر مقبول ہونے لگیں اور وہ ایک انفلوئنسر اور یوٹیوبر کے طور پر پہچانی جانے لگیں۔

ڈی ایچ اے والی میڈ اب ایک معروف مٹھائی کے برانڈ کے مکمل اشتہار میں کام کرنے جا رہی ہیں۔ اس اشتہاری منصوبے میں سوشل میڈیا انفلوئنسر امتُل بھی ان کے ساتھ شامل ہیں۔

اشتہار کی جھلکیاں سامنے آنے کے بعد صارفین نے ان کی نئی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ بعض لوگوں نے اشتہار میں انہیں دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا، جبکہ دیگر نے اسے ان کے لیے ایک اچھا موقع قرار دیتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔

اشتہار میں کام کرنے کا موقع ملنے سے پہلے بھی ڈی ایچ اے والی میڈ سوشل میڈیا پر خبروں کی زینت بنی ہوئی تھیں۔ حال ہی میں پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز میں انہوں نے معروف یوٹیوبر اقرا کنول کو پیچھے چھوڑتےہوئے ایک بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

اس کامیابی کے بعد ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا اور اب اشتہارات کی دنیا میں ان کی آمد کو بھی مداحوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

یوں ایک گھر میں کام کاج اور خاندانی مصروفیات کی ویڈیوز بنانے سے شروع ہونے والا ان کا سوشل میڈیا سفر اب اشتہارات اور ایوارڈز تک پہنچ چکا ہے۔ ان کی اس نئی کامیابی پر مداح بھی خوش دکھائی دے رہے ہیں۔

Related posts