مجھے گھر میں کچھ کرنے کی اجازت نہیں: شاہ رخ کا انکشاف
بولی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے اپنے عالیشان بنگلے ’منت‘ اور گھریلو زندگی سے متعلق ایک دلچسپ اور حیران کن انکشاف کر کے مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی ہے۔
شاہ رخ خان نے حال ہی میں دبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں معروف فلم ساز اور میزبان کرن جوہر نے ان سے دلچسپ سوال کیا کہ انہیں اپنے گھر میں کون سے کام کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
اس سوال کے جواب میں بولی ووڈ سپر اسٹار نے حسب معمول اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں اپنے ہی گھر میں کچھ بھی کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
شاہ رخ خان نے واضح الفاظ میں اعتراف کیا کہ ’منت‘ دراصل ان کی اہلیہ اور معروف انٹیریئر ڈیزائنر گوری خان کا ہے اور گھر کے معاملات میں ان کی اپنی کوئی مرضی نہیں چلتی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ وہ گھر کا وائی فائی ہو، بستر پر کھانا کھانا ہو یا دیواروں کے رنگوں، پینٹنگز، سیڑھیوں، لائٹس اور فرنیچر جیسی چیزوں کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہہ سکتے۔
انہوں نے اپنی اہلیہ کی تخلیقی صلاحیتوں کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم صرف گھر میں بیٹھتے ہیں، انجوائے کرتے ہیں اور کہتے ہیں واہ گوری تم نے کیا گھر بنایا ہے۔
گفتگو کے دوران شاہ رخ خان جذباتی بھی دکھائی دیے اور انہوں نے اپنی زندگی میں اس گھر کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ کم عمری میں ہی والدین کے انتقال کے بعد وہ زندگی کے کئی نشیب و فراز سے گزرے اور گوری خان سے شادی کرنے سے پہلے ان کے پاس سر چھپانے کے لیے اپنا کوئی ذاتی گھر نہیں تھا۔
کنگ خان نے کہا کہ زندگی میں ایک ذاتی گھر کا ہونا ان کے سب سے بڑے خوابوں میں سے ایک تھا جو پورا ہوا اور اسی وجہ سے ان کا بنگلہ ’منت‘ ان کے لیے محض ایک عمارت نہیں بلکہ ایک جذباتی وابستگی اور کامیابی کی علامت ہے۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کا ممبئی میں واقع گھر ’منت‘ ان کی پہچان کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے اور ان کے مداح اکثر اس گھر کے باہر جمع ہو کر اپنے پسندیدہ اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔