سری لنکا کے سابق مایہ ناز بلے باز سنتھ جے سوریا نے رمضان کے مقدس مہینے میں روزہ رکھنے کا انکشاف کر کے سب کو حیران کردیا ہے۔
سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان سنتھ جے سوریا اپنے مسلمان دوستوں کے ہمراہ افطار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی۔ بدھ مت کے پیروکار جے سوریا نے انکشاف کیا کہ وہ کم عمری سے ہی رمضان المبارک میں اپنے مسلمان دوستوں کے ساتھ روزہ رکھتے آرہے ہیں۔
انہوں نے اس روایت کو اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران بھی جاری رکھا اور اب تک برقرار رکھا ہوا ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک تصویر میں انہیں دوستوں کے ساتھ افطار کرتے دیکھا گیا، افطار کی اس تصویر میں کرکٹر اور ان کے دوست روایتی لوازمات، پھل، اور افطار کے دوران مشہور لال شربت کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔
اس تصویر کے کیپشن میں جے سوریا نے لکھا کہ ”آج رمضان میں اپنے دوستوں کے ساتھ روزہ رکھا، یہ روایت میں اپنے کھیل کے دنوں سے اپنائے ہوئے ہوں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔“
سابق سری لنکن کرکٹر کی اس روایت پر مداحوں نے بھرپور ردعمل دیا اور اسے کھیل کے ذریعے لوگوں کو قریب لانے کی خوبصورت مثال قرار دیا۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ”آپ نہ صرف ایک عظیم کرکٹر بلکہ ایک عظیم انسان بھی ہیں۔“
ایک اور صارف نے کہا، ”لیجنڈ کرکٹر کا بہت پیارا اور حیرت انگیز رویہ، محبت، احترام اور امن کو فروغ دے رہا ہے۔ خدا آپ پر رحمت کرے، بہت اچھا اقدام۔“
کمنٹس میں صارفین نے سابق کرکٹر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان پر محبت کی بارش کی۔
یاد رہے کہ سنتھ جے سوریا نے حال ہی میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کے خلاف آخری سپر ایٹ میچ میں شکست کے بعد سری لنکن ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔
سابق کپتان جے سوریا نے سری لنکا کی نمائندگی کرتے ہوئے 110 ٹیسٹ، 445 ون ڈے اور 31 ٹی 20 میچز کھیل رکھے ہیں جب کہ انہوں ٹیسٹ میں 6973، ون ڈے میں 13430 اور ٹی 20 میچز میں 629 رنز بنا رکھے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں ٹیسٹ میں 98، ون ڈے میں 323 اور ٹی 20 میں 19 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔