عید کا چاند دیکھنے کےلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس کی صدارت مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی شہادتوں کے جائزے کے بعد عیدالفطر کےچاند نظر آنے یا نہ آنےکا اعلان کرے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جہاں عید جمعہ کو منائی جائے گی تاہم افغانستان میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔
ملک بھر میں ماہ شوال 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اہم اجلاس بھی آج ہوں گے۔
لاہور میں صوبائی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ایوان اوقاف بلڈنگ میں منعقد ہوگا، جس میں مذہبی امور کمیٹی کے اراکین، محکمہ موسمیات اور اوقاف کے افسران شرکت کریں گے۔ اجلاس میں شوال کے چاند کی رویت کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب کوئٹہ میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں ہوگا، کراچی میں شوال کا چاند دیکھنے کے لئے زونل کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کی عمارت میں ہوگا، اجلاس کی صدارت علامہ حافظ محمد سلفی کریں گے۔
اجلاس میں زونل کمیٹی کے ارکان، ڈائریکٹر نیشنل سونامی سینٹر امیر حیدر لغاری اور محکمہ موسمیات سے دیگر افسران شرکت کریں گے، اجلاس بعد نماز عصر شروع ہوگا۔
اس حوالے سے سپارکو کی ایک اور پیشگوئی سامنے آئی ہے۔ ڈویژنل ہیڈ آسٹروفزکس سپارکو غلام مصطفیٰ لغاری نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ نیا چاند جمعرات 19 مارچ 2026 کو صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہو چکی ہے۔
سپارکو ڈویژنل ہیڈ نے بتایا کہ آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے 41 منٹ ہوگی جب کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب مہتاب کے درمیان تقریباً 28 منٹ کا وقفہ متوقع ہے۔
اس کے علاوہ ذرائع محکمہ موسمیات نے کہا کہ 29 رمضان المبارک کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 13 گھنٹوں سے کم ہوگی، جبکہ رویت کے لیے کم از کم 19 گھنٹے درکار ہیں۔
ذرائع محکمہ موسمیات نے کہا کہ غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق کراچی میں 26 منٹ اور پشاور میں 30 منٹ ہوگا جبکہ رویت کے لیے کم از کم 40 منٹ درکار ہیں۔
ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے ان اجلاسوں کے بعد ہی عیدالفطر کے حوالے سے حتمی اعلان کیا جائے گا۔