متنازعہ کینالز پر برف پگھلنے لگی — رانا ثناء اور شرجیل میمن کا رابطہ، بات چیت پر اتفاق

0 minutes, 0 seconds Read

وفاق اور سندھ کے درمیان متنازعہ کینالز کے معاملے پر سیاسی درجہ حرارت میں کمی آتی دکھائی دے رہی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کر لیا۔

رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت سندھ کے تحفظات دور کرنے کے لیے مکمل طور پر سنجیدہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے ہدایت دی ہے کہ سندھ کے تمام تحفظات، خصوصاً کینالز کے حوالے سے، افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں۔‘

ٹھٹھہ میں وزیرمملکت کی گاڑی پر حملہ، وفاقی و صوبائی حکومتوں کا نوٹس

شرجیل انعام میمن نے اس رابطے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’سندھ حکومت کینالز کے معاملے پر ہر فورم پر اپنا مؤقف پیش کر چکی ہے، اور ہمیں پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام کی طرف سے اس پر شدید تحفظات ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 1991 کے معاہدے کے تحت پانی کی منصفانہ تقسیم کی خواہاں ہے، اور وفاق سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

کینال انتظامی معاملہ ہے اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، عطا تارڑ

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ روز رانا ثناء اللہ نے بیان دیا تھا کہ وفاق پانی سمیت تمام وسائل کی منصفانہ تقسیم پر مکمل یقین رکھتا ہے اور قائدین نے ہدایت دی ہے کہ پیپلز پارٹی سے بات چیت کر کے مسائل حل کیے جائیں۔

جواب میں شرجیل میمن نے بھی مذاکرات کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا: ’اگر رانا ثناء اللہ بات چیت کرنا چاہتے ہیں تو ہم ویلکم کرتے ہیں، ہم تیار ہیں۔‘

Similar Posts