وائرل چاکلیٹ نے دنیا بھر میں پستوں کی قلت پیدا کردی

0 minutes, 3 seconds Read

دبئی کے مشہور چاکلیٹیئر ’فِکس‘ (FIX) کی جانب سے 2021 میں متعارف کرایا گیا چاکلیٹ بار ’Can‘t Get Knafeh of It’ آج دنیا بھر میں وائرل ہوچکا ہے، اور اس کی مقبولیت نے عالمی منڈی میں پستے کی شدید قلت پیدا کر دی ہے۔ اس چاکلیٹ کی خاص بات اس کا گاڑھا اور خوش ذائقہ کنافہ سے متاثرہ پستہ فِلنگ ہے جو صارفین کو دیوانہ بنا چکی ہے۔

یہ جنون دسمبر 2023 میں اس وقت شروع ہوا جب ایک ’ٹک ٹاک‘ ویڈیو نے دھوم مچائی اور دیکھتے ہی دیکھتے 12 کروڑ سے زائد ویوز حاصل کرلیے۔ اس کے بعد دنیا بھر کے لوگ اس منفرد ذائقے کو آزمانے کے خواہشمند ہوگئے۔ دبئی جانے والے تو اصل چاکلیٹ حاصل کر سکے، لیکن باقی دنیا میں اس کی نقلیں تیار ہونا شروع ہو گئیں تاکہ عوام کی طلب پوری کی جا سکے۔

پستے کی قیمتوں میں اضافہ

اس چاکلیٹ کے بڑھتے ہوئے مطالبے نے عالمی پستہ مارکیٹ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ’فنانشل ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق پستہ کرنل کی قیمت گزشتہ سال $7.65 فی پاؤنڈ تھی جو اب بڑھ کر $10.30 فی پاؤنڈ ہو چکی ہے۔ ماہرِ تجارت جائلز ہیکنگ کے مطابق ’پستے کی دنیا فی الحال خالی ہو چکی ہے۔‘

دنیا بھر میں چاکلیٹ کے بحران کا خدشہ

عالمی سطح پر دھوم

برطانیہ میں مشہور چاکلیٹ برانڈ ’لنڈٹ‘ نے بھی اس طرز کا چاکلیٹ بار متعارف کرایا ہے جس کی قیمت £10 ہے، جو کہ ان کی عام چاکلیٹ بارز سے دُگنی ہے۔ بعض دکانوں نے اس کی مانگ کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس کی خریداری پر حد مقرر کر دی ہے۔

بھارت میں بھی ’دبئی کنفہ چاکلیٹ‘ گوگل پر تلاش کرنے پر متعدد آپشنز دستیاب ہیں، جو اس کی مقبولیت کا ثبوت ہیں۔

سپلائی میں رکاوٹ

امریکہ پستے کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے، لیکن گزشتہ سال کی فصل توقع سے کم رہی۔ اگرچہ معیار بہتر تھا، لیکن چاکلیٹ کے لیے درکار بغیر خول کے پستے کم دستیاب ہوئے۔ ایران نے بھی یو اے ای کو پچھلے چھ ماہ میں 40 فیصد زیادہ پستہ برآمد کیا ہے۔

چاکلیٹ بنانے والی کمپنیاں اب صارفین کی مانگ کو پورا کرنے میں مشکل محسوس کر رہی ہیں۔ ’فِکس‘ کمپنی نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیگر برانڈز ان کے خیال کو نقل کر رہے ہیں اور صارفین کو گمراہ کر رہے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ صرف ایک چاکلیٹ نہیں بلکہ ’چاکلیٹ کی دنیا میں ایک تحریک‘ بن چکا ہے۔

آفس میں ڈارک چاکلیٹ کھائیں، کارکردگی بہتر بنائیں

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اصلی ’Can‘t Get Knafeh of It’ چاکلیٹ صرف دبئی میں فروخت کی جاتی ہے، اور وہ بھی دن میں صرف دو گھنٹے کے لیے۔

دبئی سے شروع ہونے والا ایک ذائقے دار خواب اب دنیا بھر میں ایک حقیقت بن چکا ہے، مگر اس کا خمیازہ دنیا کو پستے کی قلت کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔

Similar Posts