وزیراعظم کی انڈونیشیا کے صدر سے ٹیلیفونک گفتگو، ایران اور خلیجی ممالک میں کشیدگی پر تبادلہ خیال

0 minutes, 0 seconds Read
وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے عیدالفطر کی مبارک باد اور اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورت حال، ایران اور خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، گرم جوش اور دوستانہ گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کے صدر اور وہاں کے برادر عوام کو عیدالفطر کی مبارک باد دی اور انڈونیشیا کے صدر نے بھی وزیر اعظم  کو عید الفطر کی مبارک باد دی۔

دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے عوام اور امت مسلمہ کے لیے امن، استحکام اور خوش حالی کی دعا کی، وزیراعظم نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورت حال، خصوصاً ایران اور خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا، دونوں نے فوری طور پر کشیدگی کے خاتمے پر زور دیا اور تمام اختلافات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

Similar Posts