مشرق وسطیٰ کشیدگی؛ پاکستان سے ہزاروں پروازیں منسوخ، فلائٹ آپریشن شدید متاثر

0 minutes, 0 seconds Read
مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے باعث پاکستان سے بین الاقوامی فضائی آپریشن شدید متاثر ہوگیا ہے، مختلف ایئرپورٹس سے درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق ملک کے بین الاقوامی ایئرپورٹس سے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک کے لیے دو طرفہ 84 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

کراچی ایئرپورٹ سے دو روز میں دوحہ، کویت، بحرین، ایران اور عراق سمیت دیگر ممالک کی 22 پروازیں منسوخ ہوئیں۔

اسلام آباد ایئرپورٹ سے دبئی، دوحہ، بحرین، کویت اور مسقط کی 10 پروازیں متاثر ہوئیں۔ لاہور ایئرپورٹ سے کویت، دوحہ، بحرین اور ابوظہبی کی 14 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

اسی طرح پشاور ایئرپورٹ پر دوحہ، شارجہ، راس الخیمہ، ایران، عراق، دبئی اور ابوظہبی کی 24 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ ملتان سے 6 اور سیالکوٹ سے 10 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

دوسری جانب فیصل آباد ایئرپورٹ پر بین الاقوامی فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے، جبکہ اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس پر مشرق وسطیٰ کے لیے پروازوں کی بحالی میں بہتری آ رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 27 دنوں کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی مجموعی طور پر 2252 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ادھر، مسقط کی سلام ایئرلائن نے مسافروں کے لیے نئی ٹریول اپ ڈیٹ جاری کر دی جس کے مطابق سلام ایئر نے ایران، عراق اور لبنان کے لیے 30 اپریل تک پروازیں معطل کر دیں۔

سلام ایئر کے مطابق کویت، شارجہ اور دوحہ کے لیے پروازیں 15 اپریل تک منسوخ کر دی ہیں۔ مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

Similar Posts