لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جیسن گلیسپی نے پاکستان سپر لیگ کی تیاریوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے ابھی ایک میچ کھیلا ہے اور بہتر کمبی نیشن بنانے میں وقت لگتا ہے۔
حیدر آباد کنگز مین کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیم کی تیاری تسلی بخش ہے اور کھلاڑیوں کی محنت قابل تعریف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے لیے ٹیم کے اکٹھا ہونے کا وقت مناسب رہا اور تمام کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی ہے جس پر انہیں فخر ہے۔
انہوں نے پی سی بی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک ہی کیلنڈر میں انٹرنیشنل کرکٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کا انعقاد ایک بڑا چیلنج ہے، جسے بہترین انداز میں سنبھالا جا رہا ہے۔
جیسن گلیسپی نے بتایا کہ ٹیم اگلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بہترین کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کی کوشش کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل کی جلد ٹیم میں شمولیت متوقع ہے، تاہم ان کی آمد کی حتمی تاریخ ابھی واضح نہیں۔ جبکہ نوجوان کھلاڑی صائم ایوب کے کردار کو واضح قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھائیں گے۔
گلیسپی کے مطابق معاذ صداقت ٹریننگ کر رہے ہیں اور امکان ہے کہ وہ اگلے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج کل زیادہ تر فاسٹ باؤلرز اپنے کیریئر کو طویل کرنے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کے بجائے محدود اوورز کی کرکٹ کو ترجیح دے رہے ہیں، جبکہ کچھ کھلاڑی اس کے برعکس بھی فیصلہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تینوں فارمیٹس کھیلنا فاسٹ باؤلرز کے لیے مشکل ہوتا جا رہا ہے، تاہم وہ خود روایتی ٹیسٹ کرکٹ کو پسند کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں، بورڈز، کوچز اور فرنچائزز کے درمیان بہتر رابطہ ضروری ہے تاکہ اس مسئلے کا متوازن حل نکالا جا سکے۔