خاندانی ذرائع کے مطابق الطاف باجوہ کافی عرصے سے علیل تھے اور گزشتہ کچھ وقت سے ان کی طبیعت مسلسل ناساز چل رہی تھی۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی شوبز حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی اور مختلف فنکاروں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔
الطاف باجوہ نے اپنے طویل فنی کیریئر کے دوران پنجابی موسیقی کو کئی لازوال اور سپرہٹ گیتوں سے نوازا۔ ان کے لکھے ہوئے گانے نہ صرف عوام میں بے حد مقبول ہوئے بلکہ نصیبو لال سمیت پاکستان کے نامور گلوکاروں نے بھی انہیں اپنی آواز کا حصہ بنایا۔
ان کی شاعری میں دیہی زندگی کی خوشبو، محبت کے جذبات اور معاشرتی رنگ نمایاں ہوتے تھےجس نے انہیں دیگر نغمہ نگاروں سے منفرد مقام عطا کیا۔ الطاف باجوہ کا شمار ان تخلیق کاروں میں ہوتا تھا جنہوں نے لالی وڈ موسیقی کو نئی جہتیں دیں اور اپنے فن کے ذریعے عوام کے دلوں میں جگہ بنائی۔
ان کے انتقال سے لالی وڈ ایک باصلاحیت، مخلص اور منفرد اسلوب رکھنے والے نغمہ نگار سے محروم ہو گیا ہے۔ فنکار برادری اور مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔